ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی 75طالبات کو شریمتی اُرمیلا متّل ٹرسٹ اسکالرشپ سے سرفرازکیاگیا

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی 75طالبات کو شریمتی اُرمیلا متّل ٹرسٹ اسکالرشپ سے سرفرازکیاگیا

Tue, 29 Nov 2016 20:56:08  SO Admin   S.O. News Service

علی گڑھ، 29/نومبر (ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی 75طالبات کو شریمتی اُرمیلا متّل ٹرسٹ اسکالرشپ سے سرفرازکیاگیا جسے ٹرسٹ کے چئیرمین اوراے ایم یو کے سابق طالبِ علم مسٹر سی ڈی متّل نے ذاکر حسین انجینئرنگ کالج کے کانفرنس ہال میں منعقد ایک تقریب کے دوران پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر سی ڈی متّل نے کہا کہ متحدہ کوششوں سے ہی خواتین کو سماج میں برابر کا حق دلایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی یہی کوشش ہے کہ خدا نے انہیں جس طرح نوازا ہے اس کا ایک حصہ خواتین کی تعلیمی ترقی کے لئے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو با صلاحیت بنانے اور سماج میں ایک مقام عطا کرنے کی سیکھ ان کی والدہ سے ملی تھی جن کا کہنا تھا کہ زندگی میں کچھ بننے کے بعد وہ پسماندہ طبقات کے لئے کچھ ضرور کریں۔ مسٹر متّل نے کہا کہ ان کی ولادت ایک مڈل کلاس گھرانے میں ہوئی جہاں انہیں سماج کے پسماندہ طبقات کی ترقی کے لئے اقدامات کرنے کا سبق بھی ملا تھا اور انہوں نے بھی یہی خواب دیکھا تھا جو آج شرمندہئ تعبیر ہو رہا ہے۔ مسٹر سی ڈی متّل نے کہا کہ طالبات کے لئے کچھ کر کے وہ اس ادارے کے خود پر قرض کو کچھ کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ وہ آج جس مقام پر ہیں وہ اسی ادارے کی دین ہے۔انہوں نے وظیفہ حاصل کرنے والی طالبات سے کہا کہ وہ اپنا بہتر مستقبل بنا کر ایک اچھے سماج کی تشکیل کریں اور ملک کی ترقی میں تعاون دیں۔ مسٹر سی ڈی متّل نے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ(ویٹرن) کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جس طرح سے یونیورسٹی میں تعلیم کی ترو یج و اشاعت کے لئے کوشاں ہیں وہ لوگوں کے لئے ایک مثال ہے۔اے ایم یو کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ(ویٹرن) نے کہا کہ مسٹر سی ڈی متّل نے طالبات کی تعلیم کو اپنا مشن بناکر سماج کو ایک پیغام دیا ہے اور اے ایم یو کی طالبات کو وہ جو وظیفہ دے رہے ہیں اس کے لئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ جنرل شاہ نے بتایا کہ ارمیلا ٹرسٹ نے یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ انجینئرنگ اور میڈیکل میں جو طالبات منتخب ہوں گی ان کی تعلیمی ضروریات کو بھی ٹرسٹ ہی پورا کرے گا۔وظیفہ حاصل کرنے والی طالبات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ کی جانب سے ملنے والے اس وظیفہ سے ان کے اہلِ خانہ کا معاشی بوجھ کافی حد تک کم ہوا ہے۔اس ٹرسٹ کے تحت بطور وظیفہ 15 سوروپئے سے لے کر 3ہزار روپئے تک کی رقم ہر ماہ ادا کی جاتی ہے۔پروگرام کی نظامت اسسٹنٹ ڈی ایس ڈبلیو پروفیسر ایم ڈی صغیر خاں نے کی جبکہ حاضرین کا شکریہ ڈاکٹر طفیل احمد نے ادا کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس ڈبلو پروفیسر جمشید صدیقی بھی موجود تھے۔
 


Share: